تازہ ترین

ٹیکسوں کی بھرمار؛ استعمال شدہ کاروں کے درآمد کنندگان پھنس گئے

حکومتی پالیسیوں اور ٹیکسوں میں تبدیلی کی وجہ سے درآمد کی گئی سینکڑوں گاڑیاں بندرگاہوں پر کھڑی کھڑی خراب ہورہی ہیں۔ حکومت کی جانب سے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کے حوالے سے گزشتہ چند ماہ میں ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کے اسٹرکچر میں متعدد بار تبدیلی کی ہے جس کے نتیجے میں پرانی کاروں پر ٹیکسز اور ڈیوٹیوں کی شرح میں اس حد تک غیر معمولی طور پر اضافہ ہوا ہے کہ باہر سے پرانی کاریں منگوانے والے بندرگاہوں پر کاریں پہنچنے کے باوجود اپنی کاریں کلیئر نہیں کر پارہے۔ باہر سے استعمال شدہ گاڑیوں کے درآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ بندرگاہوں پر ایک ہزار سے زائد کاریں پھنس گئی ہیں جو کھڑی خراب ہو رہی ہیں یہ گاڑیاں گزشتہ چار ماہ کے عرصے میں پہنچی ہیں۔ اس ضمن میں آل پاکستان موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ایک خط بھی ارسال کیا گیا ہے جس میں اس مسئلے کے حل میں تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے ارسال کیے گئے لیٹر میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے درآمدات کی حوصلہ شکنی کے لئے جو اقدامات کئے ہیں اس میں استعمال شدہ گاڑیوں کا معاملہ مختلف ہے کیونکہ پرانی گاڑیوں کی ضمن میں ملک سے قیمتی زر مبادلہ باہر نہیں جاتا بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے رشتہ داروں کو گاڑیاں گفٹ کے طور پر بھیجتے ہیں اور اس پر ٹیکسز اور ڈیوٹیوں کی ادائیگی بھی باہر سے ہی ڈالر میں کی جاتی ہے جس سے ڈالر باہر نہیں جاتے بلکہ ملک کے اندر آتے ہیں۔ موٹر ڈیلرز کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے19 اگست کو 800 سی سی اور اس سے اوپر کی استعمال شدہ گاڑیوں پر 100فیصد سرچارج لگایا۔ 22 اگست کو 1800سی سی اور اس سے اوپر کی گاڑیوں پر ریگولیٹری ڈیوٹی 70 فیصد سے بڑھا کر 100فیصد کی گئی اور 600 سی سی سے 1500سی سی تک کی کاروں پر ریگولیٹری ڈیوٹی جو پہلے صفر تھی اسے 100 فیصد کردی گئی اسی طرح ہائبرڈ اور الیکٹرک کاروں پر بھی 100 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی گئی۔ اسی طرح ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی کی شرح بھی 7فیصد سے بڑھا کر 35فیصد تک کردی گئی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ کو بھیجے گئے لیٹر میں کہا گیا ہے کہ استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر پہلے سے 90 فیصد تا375فیصد ٹیکسزعائد ہیں حالیہ سرچارج،ریگولیٹری ڈیوٹی اور ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی اس کے اوپر لگائے گئے ہیں جس کے نتیجے میں صورتحال ابتر ہوگئی ہے۔ موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایچ ایم شہزاد کے مطابق ملک میں نئی گاڑیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں پرانی گاڑیوں سے کسی حد تک صارفین کو کم قیمت گاڑیاں مل رہی ہیں لیکن جس طرح ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں میں اضافہ کیا گیا ہے ا س سے آٹواسمبلرز کو من مانی کے لئے کھلا میدان مل گیا ہے جب کہ شہری بھی کم قیمت گاڑیوں سے محروم ہوگئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
Close