تازہ ترین

عمران ٹولے کی کرپشن سامنے آئی تولوگ کانوں کوہاتھ لگائیں گے، سعیدغنی

وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آئین شکن حکومت کو فارغ کرنے کے بعد پہلی بار 22 اپریل کو کراچی آرہے ہیں ، اس روز ائیرپورٹ کے ٹرمنل 1 پرکراچی کے عوام ان کا شاندار استقبال کریں گے ۔ہم کراچی کے عوام کو جوابدہ ہیں کسی شاہ محمود قریشی یا دیگر کو نہیں۔ 14 قومی اور 21 سندھ اسمبلی کی کراچی سے نشستیں رکھنے والی پی ٹی آئی کے جلسہ میں 30 ہزار سے زائد لوگ موجود نہیں تھے۔ عمران نیازی کی سلیکٹیڈ حکومت نے 3 سال 7 ماہ کے دوران کراچی میں کوئی بڑا منصوبہ تک شروع نہیں کیا اور ماضی کی حکومتوں کے منصوبوں پر تختیاں لگانے والے نیازی نے کراچی میں کوئی ایسا منصوبہ بھی مکمل نہیں کیا ہے۔ عمران کے ٹولے کی کرپشن سامنے آئے گی تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے ۔ تحفے کے طور ملنے والی چیزیں توشہ خانہ سے خریدنے کا قانون ہے ، ایسا نہیں کے سستے میں خریدیں اور مہنگے داموں باہر بیچ دیں ۔ وقت نے ڈاکٹر اسرار احمد اور حکیم سعید کی ان باتوں کو درست ثابت کردیا ہے کہ عمران نیازی اس ملک کے اداروں اور آئین کے لئے سب سے بڑا خطرہ ثابت ہوگا۔آئین شکن سے بڑا کوئی ملک دشمن نہیں ہوتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اتوار کے روز اپنے کیمپ آفس میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد آصف خان اور منارٹی ونگ کے ڈاکٹر راکیش بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ عمران خان کی آئین شکن حکومت کر گرانے میں دیگر تمام سیاسی جماعتوں کا بھی ہاتھ ہے ، لیکن پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیلیکٹیڈ حکومت کے آتے ہی اس بات کا اعلان کیا تھا کہ ہم اس کو جمہوری طور پر فارغ کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ پیپلزز پارٹی نے پی ڈی ایم بنائی اور اس میں عدم اعتماد کی تحریک کا پلان بھی پیپلز پارٹی نے رکھا ۔ انہوںنے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ایک آئینی اور جمہوری طریقے سے پارلیمنٹ کے ذریعے اس نااہل اور نالائق وزیر اعظم کو ان کے گھر بھیجا اور انشاء اللہ وہ 22 اپریل بروز جمعہ کو رات 9 بجے، جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ ٹرمنل 1 پر کراچی کے عوام ان کی کراچی آمد پر تاریخی استقبال کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت سے نکلنے کے دوران عمران خان نے آئین شکنی کی ، انہوں نے نہ صرف قومی اسمبلی میں بلکہ پنجاب اسمبلی میں بھی حد پار کر دی ۔ سعید غنی نے کہا کہ عمران خان نے کل جلسہ کیا کراچی میں یہاں سے انکی 14 قومی اسمبلی کی سیٹیں ہیں اور1 2 صوبائی اسمبلی کی سیٹیں ہیں لیکن ان کے جلسے میں تیس ہزار سے زائد لوگ نہیں تھے اور یہ کوئی خاص کامیاب جلسہ نہیں کہا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ اسی عمران نیازی نے جو اب کراچی والوں سے بھیک مانگ رہا ہے اس نے اپنی ساڑھے تین سال سے زائد کہ حکومت میں کراچی کو کوئی ایک بڑا منصوبہ نہیں دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کو گیس بحران کاسامنا کرنا پڑا ، ملک میں مہنگائی، بے روزگاری انتہا کو پہنچائی ، فارن فنڈنگ کیس تو سات سال سے انکے خلاف چل رہا ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
Close