کمزور نہ سمجھا جائے ، ہم اپنی قوم کا تحفظ کرنا جانتے ہیں،آفاق احمد
مہاجر قومی موومنٹ ( پاکستان) کے چیئر مین آفاق احمد نے اپنی رہائشگا ہ پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ٹنڈو الہیار میں مہاجر نوجوان کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتا ہوں، ہماری ماوں بہنوں اور بیٹوں کو سند ھ پولیس کی جانب سے جس طرح ظلم و ستم کا نشانہ بنایا گیا ، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا یہ ناقابل قبول ہے، میں اپنی قوم پر کئے جانے والے اس حملے پر خاموش ہرگز نہیں رہوں گا۔ اس موقع پر چئیرمین آفاق احمد نے کہا کہ سندھی رہنما بشیر قریشی کا مہاجر نوجوان کے قتل میں ملو ث قاتل کا ہسپتال میں پھولوں کے گلدستے پیش کرنا اور مسکراتے ہوئے سر پر ہاتھ پھیرنا دراصل ہمارے زخموں پر نمک پاشی کرنا ہے ، میں اور مہاجر قوم اس وحشیانہ سلوک کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی ، مہاجر قوم کا ہر بیٹا میرا بیٹاہے ، مہاجر قوم کی ہر بیٹی میری بیٹی ہے اور ہم اپنے بیٹے بیٹیوں کے تحفظ کی خاطرکسی بھی اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔دریں اثناء چیئرمین آفاق احمد نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ میری حیدر آباد جلسے کی تقریر اصل سیاق و سباق سے ہٹ کر صرف اس بات کو شامل گفتگو کیا گیا کہ جس کا معنی انہوں نے خود تراشے ہوئے تھے جیسا کہ مجھے کہا گیا کہ میں مہاجر پٹھان فسادت کروانے کی کوئی سازش کررہا ہوں جب کہ میں نے اپنے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری قوم کے مہاجر نوجوان چائے کے ہوٹلوں پر فضول بیٹھکوں اور گفتگو سے پرہیز کریں، فضول وقت گزارنے سے اجتناب کریں تاکہ ہم اپنی مہاجر نسل کو برائی اور پستی کی دلدل میں جانے سے بچائیں، پٹھان و دیگر قومیتیں جو یہاںکمائی کے حصول کیلئے آئیں ہیں وہ ہمارے بھائی ہیں لیکن اگر کوئی ہماری ماؤں ، بہنوں پر کرسیا ں مارے گے یا کوئی بولے گا کہ کراچی کی چابی اب ہمارے ہاتھ میں ہے تو ان رویوں کو بر داشت نہیں کیا جاسکتا۔، ہم کوئی شہر کے یا صوبے کے حالات خراب کرنا نہیں چاہتے لیکن ان خراب حالات کی ذمہ داری بھی ہم پر عائد نہ کی جائے، ہمیں کمزور نہ سمجھا جائے ، ہم اپنی قوم اور اپنے لوگوں کا تحفظ کرنا بخوبی جانتے ہیں!