تازہ ترین

لاہور کے انارکلی بازار میں دھماکے سے تین ہلاک، متعدد زخمی

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے مشہور نیو انارکلی بازار میں دھماکے سے کم از کم تین افراد ہلاک جبکہ 26 زخمی ہوئے ہیں۔

اس حملے کی ذمہ داری علیحدگی پسند تنظیم بلوچ نیشنل آرمی کی جانب سے قبول کی گئی ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شہروں میں ایسی کارروائیوں سے متعلق الرٹ پہلے سے ہی جاری کر دیے گئے ہیں۔

لاہور پولیس کی جانب سے ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت سلنڈر دھماکہ بتائی گئی تاہم بعد میں پولیس کے ترجمان رانا عارف نے پاکستانی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ بم ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

جائے وقوعہ کے دورے کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہلاکتوں کی تصدیق کی اور بتایا کہ زخمیوں میں سے بھی دو کی حالت نازک ہے جبکہ میو ہسپتال کی ایمرجنسی ریڈ الرٹ پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکہ انارکلی بازار میں سرکلر روڈ کے قریب ہوا اور یہ کہ دھماکا خیز مواد بینک کے باہر کھڑی کی گئی ایک موٹرسائیکل میں نصب تھا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشز ڈاکٹر عابد کا کہنا تھا کہ دھماکے کی جگہ پر ڈیڑھ فٹ کا گڑھا پڑا ہے اور بم ڈسپوزل سکواڈ دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لے رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انسپکٹر جنرل پولیس سے اس واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق یہ دھماکہ امن و امان کی فضا کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ‘ہم دھماکےمیں جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے دکھ اور درد میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں’۔واضح رہے کہ کالعدم بلوچ نیشنلسٹ پارٹی کے ترجمان مرید بلوچ نے ٹوئٹر پر دعویٰ کیا ہے کہ ‘ہم اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں، جس میں بینک کے عملے کو ہدف بنایا گیا تھا۔ ان کے مطابق اس متعلق ایک تفصیلی بیان جلد جاری کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
Close