کراچی کو صوبائی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے,وزیراعظم
کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر سنجیدگی سےکام ہو رہا ہے
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی کو صوبائی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر سنجیدگی سےکام ہو رہا ہے، آئندہ سال اراکین پارلیمنٹ کو پچاس کروڑ روپے دئیے جائیں گے، پی ڈی ایم عملی طور پر ختم ہو چکی، عوام ان کے ساتھ نہیں ہیں وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم عملی طور پر ختم ہو چکی ہے، انہوں نے جلسوں پر پورا زور لگا کر دیکھ لیا۔ عوام ان کے ساتھ نہیں ہیں۔ براڈ شیٹ کے علاوہ سرے محل اور حدیبیہ پیپر ملز کیس کی بھی مکمل تحقیقات ہوں گی۔ارکان پارلیمنٹ نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں تاخیر پر سوالات کئے۔ نجیب ہارون نے کہا کہ 2023 تک کچھ نہیں ہوگا، کے فور منصوبہ مکمل ہوگا نہ نالے صاف ہوں گے۔ جس پر وزیراعظم نے کہا کہ نجیب ہارون آپ تو ہمیں اندھیرا دکھا رہے ہیں۔ نجیب ہارون نے کہا کہ وزیراعظم صاحب میں بالکل ٹھیک بتا رہا ہوں۔وزیراعظم عمران خان نے آئندہ سال سے ارکان پارلیمنٹ کو 50 کروڑ کے فنڈزدینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر سنجیدگی سے کام ہو رہا ہے، کراچی کو صوبائی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، صوبائی حکومت ساتھ دے نہ دے، ہم اپنی ذمہ داری ادا کریں گے۔