شہر بھر میں اسنیپ چیکنگ میں اضافہ
کراچی میں مشتبہ سفید گاڑی کے داخل ہونے کی اطلاع
کراچی میں مشتبہ سفید گاڑی کے داخل ہونے کی اطلاع پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں ، شہر بھر میں اسنیپ چیکنگ میں اضافہ کردیا گیا پیر اور منگل کی درمیانی شب شہر بھر میں اچانک اسنیپ چیکنگ بڑھادی گئی، پولیس کی بھاری نفری بھی جگہ جگہ تعینات کردی گئی ، پولیس کو انٹیلی جنس اطلاع ملی ہے کہ شہر میں سفید رنگ کی ایک مشتبہ گاڑی داخل ہوچکی ہے، جس کے ذریعے دہشت گردی کی کوئی بڑی واردات کی جاسکتی ہے، لہٰذا اس سفید کرولا کو جلد از جلد تلاش کیا جائے،ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی جانب سے فوری احکامات دیے گئے کہ تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز سڑکوں پر موجود رہیں، جبکہ اسنیپ چیکنگ فوری طور پر بڑھادی جائے،ڈیفنس ، کلفٹن ، گذری ، درخشاں ، میٹرو پول ، صدر ، نمائش ، گرومندر ، نیو پریڈی اسٹریٹ ، لیاقت آباد دس نمبر ، لیاقت آباد ڈاکخانہ ، راشد منہاس روڈ ، گلشن اقبال ، گلستان جوہر ، ٹاور اور دیگر شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری رات بھر تعینات رہی۔