عظیم فٹبالر میراڈونا کا عہد ختم، 60 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت
فٹبال کے عہد ساز کھلاڑی ا?نجہانی میراڈونا کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا ہے۔ رواں ماہ ہی ان کے دماغ کی سرجری ہوئی تھی۔ خیال رہے کہ ڈیاگو میراڈونا کا شمار دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔ ان کی قیادت میں ارجنٹائن نے 1986ء کا ورلڈ کپ جیتا تھا۔فٹبال کی دنیا کے عظیم فٹبالر ڈیاگو میراڈونا نے ایسی کامیابیاں سمیٹیں اور وہ شہرت پائی جو بہت کم کھلاڑیوں کے حصے میں آتی ہے۔ کروڑوں افراد ان کے کھیل کے دیوانے تھے۔ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن نے دنیا کے عظیم فٹبالر کے دنیا سے چلے جانے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘’ تم ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہو گے’’۔ ڈیاگو میراڈونا اپنے فٹبال کیریئر میں قومی ٹیم ارجنٹائن کے علاوہ بارسلونا اور نپولی کلب کی جانب سے بھی کھیلے اور اپنے فن کے جوہر دکھائے۔ڈیاگو میراڈونا کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے 4 ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کی نمائندگی کی اور 91 میچوں میں 34 گول کرنے میں کامیاب رہے۔