تازہ ترین

پی ایس ایل پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ ایونٹ ہے، اگلے سال لیگ کے میچز پشاور میں بھی کروانے کی کوششش کریں گے ، چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا پی ایس ایل فرنچائزڈ مالکان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب

کراچی۔ 19 فروری (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ ایونٹ ہے، اگر کے پی کے حکومت پشاور میں اسٹیڈیم کی تیاری کا کام مکمل کر لے تو اگلے سال لیگ کے میچز پشاور میں بھی کروانے کی کوششش کریں گے۔ یہ بات انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کرنے کے بعد پی ایس ایل کی فرنچائزڈ ٹیموں کے مالکان جاوید آفریدی، سلمان اقبال، ندیم عمر، علی نقوی، عاطف رانا اور علی ترین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ احسان مانی نے کہا کہ ہمیں پی سی بی کو صاف و شفاف بنانا ہے اور اچھی گورننس قائم کرنی ہے، پی ایس ایل فائیو کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کراچی میں منعقد کرنا تاریخی لمحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی کھلاڑی ایسے تھے جنہوں نے دس سال سے ٹیم سے منسلک ہونے کے باوجود ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی، کھلاڑیوں کو اب پتہ چلا کہ ہوم کنڈیشن کا پریشر کیا ہوتا ہے۔ احسان مانی نے کہا کہ تمام فرنچائز کا نیشنل اسٹیڈیم میں یکجا ہونا بھی خوش آئند ہے ، اگلے سال پی ایس ایل کے میچز پشاور میں بھی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجود سال پاکستان میں 190 میچز کھیلے گئے۔ پاکستان میں ایم سی سی ٹیم، بنگلہ دیش اور سری لنکا سمیت دیگر ٹیمیں بھی کھیل چکی ہیں اور پاکستان کرکٹ سمیت ہر کھیل کیلئے محفوظ ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب دیکھنے کے لئے تقریباً 2 ہزار غیر ملکی اور اندرون ملک سے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی میزبانی عالمی کپ اور ایشیا کپ سے زیادہ اہم ہے، آئی سی سی ایونٹ کیلئے پی سی بی بڈ کریگا۔ احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کے امیج کو بہتر کرنے کے لئے پی ایس ایل کو سپورٹ کریں، تنقید ضرور کریں لیکن تعمیری تنقید ہو تو اچھی بھی لگتی ہے۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل کے تمام میچز ملک میں منعقد ہونے پر نوافل ادا کرنے چاہیئں، پشاور کی عوام کیلئے خوشخبری ہے کہ وہاں بھی پی ایس ایل کے میچز ہونگے۔ انہوں نے احسان مانی سے کہا کہ ڈیرن سمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت کی درخواست کی ہے، سمری کی فائل صدر پاکستان کی ٹیبل پر موجود ہے آپ سفارش کریں گے تو ڈیرن سمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت حاصل ہوجائے گی۔ جاوید آفریدی نے اگلے سال پشاور میں پی ایس ایل کے میچز کروانے کے اعلان چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ہمارا تعاون ہمیشہ آپ کے ساتھ رہے گا۔ دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے چیئرمین ندیم عمر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ واپس آگئی ہے، پی سی بی نے پی ایس ایل کی واپسی کے لیے بہت محنت کی، ملک میں کرکٹ کی واپسی بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب چاہتے ہیں کہ پی ایس ایل کو مکمل سپورٹ ملے، میڈیا کا بڑا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں بھی پی ایس ایل کے میچز بھی ہونے چاہیئں، بگٹی گراﺅنڈ میں میچز کا انعقاد ہوسکتا ہے۔ کراچی کنگز کے چیئرمین سلمان اقبال نے کہا کہ عوام کا جوش جزبہ قابل دید ہے، ہوم گراﺅنڈ میں کھیلنے کا اپنا ہی مزا ہے۔ ملتان سلطان کے چیئرمیں علی نقوی نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی میں پی سی بی نے اہم رول ادا کیا ہے، پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی کے لئے جہانگیر خان کو دعوت دے کر اچھی روایت قائم کی گئی، ماضی کے ہیرو ز کو عزت دینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا تنقید ایسی ہونی چاہیئے جو ملک کے لئے بہتر ہو۔ لاہور قلندرز کے چیئرمین عاطف رانا نے کہا کہ پی سی بی کی کاﺅشوں سے پی ایس ایل لیگ ملک میں واپس آئی ہے، اس سے دنیا میں ملک کا بہتر امیج قائم ہوگا اور امن و امان کے حوالے بھی اچھا تاثر قائم ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
Close