تازہ ترین

پی ایس اوکے منافع میں جولائی تا دسمبر51 فیصد اضافہ

اسلام آباد ۔ 20 فروری (اے پی پی) پاکستان سٹیٹ آئل ( پی ایس او) کے بعد از ٹیکس منافع میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 51 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے کمپنی کے مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2019ءکے لئے پی ایس او کا خالص منافع 6435 ملین روپے تک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2018ءکے دوران کمپنی کو 4249 ملین روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پی ایس او کے بعد از ٹیکس منافع میں 2186 ملین روپے یعنی 51 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ منافع میں اضافہ کے نتیجہ میں پی ایس او کی فی حصص آمدن بھی 9.05 روپے کے مقابلہ میں 13.71 روپے فی حصص تک بڑھ گئی۔ مالیاتی اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران پی ایس او کی خالص آمدنی میں 4164 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اکتوبر تا دسمبر 2019ءکے لئے کمپنی کی بعد از ٹیکس آمدنی 2906 ملین روپے تک بڑھ گئی جبکہ اکتوبر تا دسمبر 2018ءکے دوران پی ایس او نے صرف 68 ملین روپے کا بعد از ٹیکس منافع کمایا تھا۔اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران پی ایس او کے بعد از ٹیکس منافع میں 2838 ملین روپے یعنی 4164 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے کمپنی کی فی حصص آمدن 0.15 روپے کے مقابلہ میں 6.19روپے فی حصص تک بڑھ گئی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Close
Close