وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا مختلف میونسپل اور ٹاون کمیٹیوں کے نومنتخب عہدیدران کی تقریب حلف برادری سے خطاب
ننکانہ صاحب ۔ 28 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ ملکی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، پاکستان کی طرف دیکھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑ دیں گے، ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مختلف میونسپل اور ٹاون کمیٹیوں کے نومنتخب عہدیدران کی تقریب حلف برادری سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کی بدولت ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔ بھارتی آرمی چیف کی دھمکیوں کی حیثیت ”جو گرجتے ہیں و ہ برستے نہیں“ کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، پاکستان کی طرف دیکھنے والی ہر میلی آنکھ باہر نکال دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کارکنان پاکستان تحریک انصاف کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مو¿ثر حکومتی پالیسیوں کی بدولت ملکی حالات تیزی سے بہتری کی طرف گامزن ہیں، مفاد پرست عناصر کی طرف سے ملک میں آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی گئی جو بروقت حکومتی اقدامات کی وجہ سے ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے ڈالر کی قیمت کو مصنوعی سہارا دیا ہوا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو پر امن،ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کا سفر جاری رکھیں گے۔