تازہ ترین

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تین روزہ

اسلام آباد ۔ 20 اپریل (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جاپان کے وزیر خارجہ مسٹر تارو کونو کی خصوصی دعوت پر ہفتہ کو تین روزہ سرکاری دورے پر جاپان روانہ ہو گئے۔ ٹوکیو روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ میں جاپان کے وزیر خارجہ کی دعوت پر، تین روزہ سرکاری دورے پر ٹوکیو روانہ ہو رہا ہوں۔جاپان کے ساتھ پاکستان کی اقتصادی شراکت داری رہی ہے،جاپان نے پاکستان کی ماضی میں بھی بہت مدد کی ہے۔ترقیاتی تعاون میں بھی جاپان کا کردار نمایاں رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اور اب بھی بہت سے مواقع موجود ہیں ،بہت سی جاپانی کمپنیاں پاکستان میں کامیابی کے ساتھ کاروبار کر رہی ہیں۔ اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ دورہ جاپان کے دوران مجھے جاپان کے میڈیا سے اور تھنک ٹینکس سے ملاقات کا موقع ملے گا اور کوشش ہے کہ پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملوں۔ ٹوکیو کے بعد بیجنگ روانہ ہونگا وہاں بی آر ایف فورم ہے جس میں وزیر اعظم عمران خان بطور مہمان خاص مدعو ہیں جہاں بی آر ایف فورم میں ہمیں اپنا فلیگ شپ اقتصادی راہداری پروگرام دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملے گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بیجنگ میں ہماری اہم ملاقاتیں بھی ہوں گی اور یہ دورہ چار روزہ ہو گا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اپنے جاپانی ہم منصب اور نائب وزیراعظم مسٹر تارو آسو سمیت جاپان کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جاپان انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز کا دورہ کریں گے اور تھنک ٹینکس سے ملاقاتیں کریں گے۔

تبصرہ کریں

آپ کی ایمیل یا ویبشایع نہیں کی جائے گی. لازمی پر کریں *

*