تازہ ترین

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے چین کے سفیر یاؤ جنگ کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 8 فروری (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے چین کے سفیر یاؤ جنگ نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی جس میں انہوں نے بلوچستان میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں سے متعلق چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر نذیر بھی موجود تھے۔ سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ بلوچستان میں جاری بڑے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ ترقی کے عمل کے ثمرات سے عوام جلد مستفید ہوسکیں، بلوچستان میں پانی کی فراہمی، صحت، ووکیشنل ٹریننگ اور کھیلوں کے فروغ کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان میں صحت اور تعلیم سے متعلق سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ چیئرمین سینٹ نے ہدایت کی کہ بین الاقوامی معیار کے ایک ہسپتال کی تعمیر جلد شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی کے منصوبہ کی جلد از جلد تکمیل سے بلوچستان کی کثیر آبادی کو فائدہ ہوگا۔

تبصرہ کریں

آپ کی ایمیل یا ویبشایع نہیں کی جائے گی. لازمی پر کریں *

*